خبرنامہ پاکستان

تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ، نئی تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ

تحریک انصاف کو غیر ملکی فنڈنگ، نئی تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی مبینہ غیرملکی پارٹی فنڈنگ کی چھان بین کے لیے نئی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا اور درخواست گزاراکبر شیر بابرکے خلاف پی ٹی آئی کا ہتک عزت کا دعویٰ بھی تحقیقاتی کمیٹی کے سپردکر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس سرداررضاکی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے اکبرایس بابر کی درخواست پرسماعت کی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پی ٹی آئی فنڈزکی چھان بین کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے 2 افسران نے کمیٹی کاحصہ بننے سے معذرت کر لی تھی، کمیٹی میں2 نئے ممبران تعینات کر دیںگے،آئندہ 2 روز تک نئے ممبران کا تقرر ہو جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے فریقین کو نئی کمیٹی کے سامنے 3 اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے خلاف مبینہ غیرملکی فنڈنگ کیس کی بھی سماعت کی۔اس موقع پر درخواست گزار فرخ حبیب کے وکیل فیصل چوہدری، پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ جبکہ (ن) لیگ کے وکیل جہانگیر جدون پیش ہوئے۔
ن لیگ نے جواب جمع کرا دیا،الیکشن کمیشن نے دونوں جماعتوںکے خلاف غیرملکی فنڈنگ سے متعلق درخواستوں پر سماعت 3 مئی تک ملتوی کر دی۔ الیکشن کمیشن نے نااہلی کے باوجود تحریک انصاف مغربی پنجاب کا صدر بننے پر رائے حسن نواز کے خلاف دائر درخواست میں انھیں7 مئی کو طلب کرلیا۔ درخواست گزار مجاہد حسین کے وکیل نے کہا کہ استعفیٰ دینے کے باوجود رائے حسن نواز بطور صدرکام کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ابرار حسین تنولی کیخلاف نااہلی ریفرنس کی سماعت2 مئی تک ملتوی کر دی۔قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب خان شیرپائو نے درخواست دائر کی ہے ۔ ابرار حسین تنولی کے وکیل نے جواب جمع کرا دیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کی درخواست کی سماعت آج ہوگی۔