خبرنامہ پاکستان

آرمی چیف نےرات تین بجےاویس شاہ کی بازیابی کی اطلاع دی، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

کراچی (آئی این پی ) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے رات تین بجے فون پر اویس شاہ کی بازیابی کی اطلاع دی‘ اویس شاہ کی بازیابی کا تمام کردار پاک آرمی اور سکیورٹی اداروں کا ہے‘ آرمی چیف کی ہدایت پر خصوصی طیارے پر اویس شاہ کو ٹانک سے کراچی پہنچایا گیا۔ منگل کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سجاد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیٹا اویس شاہ خیریت سے گھر پہنچ گیا ہے۔ جنرل راحیل شریف نے رات تین بجے ٹیلی فون پر بازیابی کی اطلاع دی اور آرمی چیف نے اویس شاہ سے فون پر بات بھی کروائی۔ اویس شاہ کی بازیابی کے لئے ڈی جی آئی ایس آئی مجھ سے رابطے میں تھے۔ آرمی چیف نے معاملے کی نگرانی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے بتایا کہ اویس شاہ کو کراچی پہنچانے کا انتظام کررہے ہیں اور آرمی چیف کی ہدایت پر خصوصی طیارے پر ٹانک سے کراچی پہنچایا گیا۔ اویس شاہ کی بازیابی پر تمام کردار پاک آرمی اور سکیورٹی اداروں کا ہے۔ اویس شاہ کی بازیابی حکومت کی بھرپور کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ آرمی چیف نے یقین دلایا کہ میں ذاتی طور پر اس معاملے کا خود جائزہ لے رہا ہوں۔ میں نہیں جانتا تھا کہ اس سازش میں کونسا گروہ ملوث تھا۔ (ن غ)