خبرنامہ پاکستان

آزاد کشمیر کے الیکشن میں فوج کو اختیارات دینے کا نوٹیفیکیشن جاری : نثار

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزارت داخلہ نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے الیکشن میں سیکیورٹی اور امن و عامہ کی نگرانی کیلئے فوج کو آرٹیکل 245کے تحت اختیارات دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر الیکشن کے لئے فوج کی خدمات کی ریکوزیشن آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے وزارتِ داخلہ کو کی تھی، حکومتِ آزاد کشمیر، حکومتِ پنجاب، حکومتِ بلوچستان اور گلگت بلتستان کی حکومت نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں اس درخواست کی توثیق کی تھی۔ حکو متِ سندھ اور خیبر پختونخوا کی حکومت نے الیکشن میں فوج کی تعیناتی سے انکار کیا تھا۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ آزاد کشمیر کے الیکشن کی خاطر کچھ علاقوں میں فوج تعینات کی جائے اور کچھ میں نہیں، پورے پاکستان اور آزاد کشمیر میں ایک ہی پالیسی پر عمل درآمد اس لئے بھی ضروری ہے کہ سندھ اور خیبر پختونخواہ کی حکمران جماعتیں خود آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ پیغام صرف آزاد کشمیر کے لئے ہی نہیں پاکستان کے لئے بھی انتہائی اہم ہے کہ کشمیر کے الیکشن شفاف اور غیر متنازعہ ہوں۔