خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد :وزیر اعظم کی 103 دن بعد قومی اسمبلی آمد ، اپوزیشن کا احتجاج ختم

اسلام آباد:(اے پی پی)وزیر اعظم نواز شریف کی 103 دنوں کے بعد قومی اسمبلی ایوان میں آمد ، اپوزیشن ڈپٹی سپیکر کے خلاف احتجاج ختم کرکے ایوان میں واپس آگئی ، ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل نے نواز شریف سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ برائے مہربانی ایک بار ایوان میں ضرور آئیں تاکہ وزراء اور حکومتی ارکان بھی آ سکیں ۔ وزیر اعظم نواز شریف ڈھائی سال میں 36 ویں بار قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوئے ۔ وزیر اعظم نواز شریف آخری بار نو نومبر 2015 کو ایوان میں آئے تھے ۔ وزیر اعظم کی آمد پر ڈپٹی سپیکر کے خلاف احتجاج کرنے والی اپوزیشن جماعتیں واپس ایوان میں آگئیں ۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایوان سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نے فیصلہ کیا تھا کہ ڈپٹی سپیکر کی صدارت میں اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے ، وزیر اعظم کی موجودگی اپوزیشن کا نہ ہونا وزیر اعظم کے لیے سوالیہ نشان ہوتا ، وزیر اعظم میں سیاسی سوجھ بوجھ ہوتی تو اپوزیشن کو خود منانے آ جاتے ، ہم وزیر اعظم کی موجودگی میں بات کرنا چاہتے تھے ۔ ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم صاحب برائے مہربانی ایک بار ایوان میں ضرور آیا کریں تاکہ وزراء اور حکومتی ارکان بھی ایوان میں آسکیں ۔ حکومت کو کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ قائد اعظم کے شہر میں گندا پانی پینے سے ہیپا ٹائٹس بڑھ رہا ہے ۔ یہاں فرانس سے معاہدے گنوائے جا رہے ہیں لوگوں کے پاس پینے کا پانی اور کھانے کے پیسے نہیں ہیں ۔ پنجاب بھر میں بھوک بڑھ رہی ہے ، بعد میں آلودگی پر بحث میں اظہارخیال کرتے ہوئے رکن نگہت پروین ، آصف حسنین نے کہا کہ آلودگی پاکستان کا اہم مسئلہ ہے حکومت توجہ دے ۔ منصوبہ بندی کمیشن کو آلودگی کے خاتمے کے لئے فنڈز رکھنے ہوں گے ۔ کراچی میں آلودگی بڑھ گئی ہے صوبائی حکومت توجہ نہیں دے رہی ۔