خبرنامہ پاکستان

ججز میں ڈکٹیٹر کو وطن واپس لانے کی جرات نہیں، نوازشریف

ججز میں ڈکٹیٹر کو وطن

ججز میں ڈکٹیٹر کو وطن واپس لانے کی جرات نہیں، نوازشریف

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہےکہ اسپتالوں کا دورہ کرنے والے وہاں ضرور جائیں مگر اپنے گھر کی خبر بھی لیں۔ یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے لاہور کے میو اسپتال کا دورہ کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ایک کیس کےدوران ریمارکس بھی دیئے تھے کہ ان کے اسپتال کے دورے پر اعتراضات کیے گئے۔ پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ اسحاق خان کے دور سے لوگوں کی خواہش ہے کہ دو بھائیوں میں تقسیم ہو لیکن بھائیوں میں آج تک تقسیم ہوئی نا ہی ہوگی، ہمارے آپس میں تنازعات کی خبریں پھِیلائی جاتی رہی ہیں۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت کے بیانیے سے پوری پارٹی متفق اور یکسو ہے، ہماری پارٹی مکمل طور پر متحد ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ انتخابات ہوں گے، اس میں مجھےکوئی شک نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب اقتدار میں آیا تو اسٹاک ایکسچینج 13ہزار پوائنٹس پر تھی اور جب مجھے نکالاگیا تو اسٹاک ایکسچینج 53 ہزار پوائنٹس پر تھی، اب اسٹاک ایکسچینج 40ہزار سے نیچے چلی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم نے چیف جسٹس پاکستان کا نام لیے بغیر ان کے اسپتالوں کے دورے پر تنقید کی۔ نوازشریف نے کہا کہ اسپتالوں کا دورہ کرنے والے وہاں ضرور جائیں مگر اپنے گھر کی خبر بھی لیں، اس وقت عدالتوں میں بہت سارے مقدمات زیر التوا ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ میرے خلاف مقدمات پر سپروائزر بٹھادیا گیا ہے، عدالتوں میں زیر التوامقدمات کے بارے میں الگ سے بات کروں گا، میں سمجھتا ہوں کہ سارانظام اوور ہال ہونا چاہیے۔ چیئرمین نیب کی تعیناتی سے متعلق سوال پر نوازشریف نے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔