خبرنامہ پاکستان

امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے: دفتر خارجہ

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں‘ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے‘ کشمیر ہمیشہ سے نیوکلیئر فلیش پوائنٹ رہا ہے‘ کشمیریوں کی سفارتی‘ سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے‘ کشیدہ صورتحال خطے میں غربت کی بڑی وجہ ہے۔ بدھ کو جنوبی ایشیاء میں امن کے فروغ اور تعاون کے موضوع پر عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے خطے کے وسائل کو استعمال میں نہیں لایا جاسکتا۔ کشیدہ صورتحال خطے میں غربت کی ایک بڑی وجہ ہے۔ بھارت مسئلہ کشمیر پر رائے شماری کی بجائے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ کشمیریوں کی موجودہ نسل بھارتی قتل و غارت دیکھتے ہوئے جوان ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمیشہ سے نیوکلیئر فلیش پوائنٹ رہا ہے۔ بھارت نے بلا اشتعال فائرنگ سے پاکستان سے تعلقات خراب کئے۔ بھارت نے پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کی ہے۔ سی پیک کے خلاف سازشوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات خراب کئے ہیں۔ کشمیر کے بارے میں پاکستان کا موقف بہت واضح ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی ہر لحاظ سے حمایت جاری رکھے گا۔ بھارت دنیا کی مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ بھارت ایل او سی کی خلاف ورزی کے ساتھ شہریوں کو بھی نشانہ بنا رہا ہے۔ ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں۔ بھارت نے آج بھی شہریوں کو شہید کیا انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے کردار ادا کرے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ ملکی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے کشمیریوں کی سفارتی‘ سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ بھارت نے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے سرجیکل سٹرائیک کا شوشہ چھوڑا تھا۔