خبرنامہ پاکستان

انصاف کی تیزی سے فراہمی مسلم لیگ (ن) کے منشور میں شامل ہے، زاہد حامد

اسلام آباد ۔(اے پی پی) وفاقی وزیرانسانی حقوق زاہد حامد نے کہا ہے کہ انصاف کی تیزی سے فراہمی مسلم لیگ (ن) کے منشور میں شامل ہے اور اس مقصد کے لئے وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں اصلاحات پر کام جاری ہے‘ دیوانی مقدمات کی میعاد ایک سال اور فوجداری مقدمات چھ ماہ میں مکمل کرنے کی تجویز دی گئی ہے ‘ عدالتوں میں وقت بڑھانے یا شام کو عدالتیں لگانے پر غور کر رہے ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شمس النساء کے سوال کے جواب میں زاہد حامد نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے منشور میں شامل تیز تر انصاف کے وعدے پر ہم نے عمل شروع کردیا ہے ، اس کے اصلاحات پر زیادہ توجہ دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ فضول مقدمہ بازی پر سزا دینے، ججوں کی تعداد بڑھانے، مصالحت کو لازمی کرنے ، محتسب کے سٹیٹس اور پاور بڑھانے اور پنچائت سسٹم پر نظرثانی کی تجاویز ہیں اسی طرح بنکنگ کیسوں کے نمٹانے ‘ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سپیشل کورٹس کا قیام زیر غور ہیں۔ مزمل قریشی کے سوال کے جواب میں زاہد حامد نے بتایا کہ ملک کی تمام عدالتوں کی اپ ڈیشن کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیوانی مقدمات کی میعاد ایک سال اور فوجداری کیسز چھ ماہ میں مکمل کرنے کے لئے تجویز ہے۔ وزیراعظم نے قانونی اصلاحات کی کمیٹی بنائی ہے اور انصاف کی تیز تر فراہمی کے لئے جلد اصلاحات لائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عدالتوں میں وقت بڑھانے یا شام کو عدالتیں لگانے پر غور کر رہے ہیں اسی طرح التواء میں پڑے مقدمات نمٹانے کے لئے تنازعات کے حل کے لئے اقدامات زیر غور ہیں۔