خبرنامہ پاکستان

ایاز صادق کا ریٹرننگ افسر کیخلاف خط، قبل از الیکشن دھاندلی کا الزام

لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے حلقہ این اے 129 کےریٹرننگ افسر کی تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے قبل از انتخابات دھاندلی کا الزام لگادیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا گیا ہے جس میں لاہور کے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ افسر غلام مرتضیٰ اپل کے خلاف شکایات درج کرائی گئی ہیں۔

سردار ایاز صادق نے خط میں کہا ہے کہ ریٹرننگ افسر مکمل طور پر جانبدار ہیں اور سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کررہے ہیں، مجھے ذاتی طور پر کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے بلایا گیا جب کہ علیم خان کو استثنیٰ دے دیا گیا، پھر ہمارے احتجاج پر علیم خان کو 19 جون کو بلایا گیا۔

خط میں مزید کہا گیا ہےکہ علیم خان کےپیش ہونے پر ریٹرننگ افسر نےکہا کہ آپ کیوں آئے؟آپ جائیں اپنی مہم چلائیں، علیم خان کو کہا گیا کہ آپ کے کاغذات منظور ہو چکے ہیں جب کہ مجھ سے انتہائی توہین آمیز سوالات کیے گئے جن کا کاغذات کی جانچ پڑتال سے کوئی تعلق نہیں تھا، میرےغیر ملکی دوروں کی تفصیلات اور ترقیاتی کام کے بارے میں غیر ضروری سوالات کیے گئے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ریٹرننگ افسر غلام مرتضیٰ اپل کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ریٹرننگ افسر برقرار رہے تو یہ قبل ازانتخابات دھاندلی ہوگی اور ہم اس ریٹرننگ افسر کی طرف سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔