خبرنامہ پاکستان

ایرانی صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بھی آگے بڑھیں گی:جمالی

اسلام آباد:(اے پی پی) سابق وزیراعظم میرظفر اللہ خان جمالی نے کہا ہے کہ پاکستان کوبھارت کے ساتھ دو ٹوک بات کرنی چاہئے، ایرانی صدر کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، پاکستان کے تمام مسلم ممالک کے ساتھ برادرانہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد پاکستان کو بھارت کے ساتھ دو ٹوک بات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ ایسے عناصر بارے متعلقہ اداروں کو بتا دیتے ہیں، باقی علاقوں کے لوگوں کوبھی ایسا کرنا چاہئے تاکہ ملک میں موجود دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے، اس سے دونوں ملکوں کے درمیان روابط میں تیزی آئے گی جبکہ تجارتی سرگرمیاں بھی آگے بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسلم ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات رکھتا ہے جو آڑے وقت میں کام آتے ہیں۔ سعودی عرب کی اپنی اور ایران کی اپنی پوزیشن ہے۔