خبرنامہ پاکستان

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی دو روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد ۔:(اے پی پی) اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی دو روزہ دورہ پر جمعہ کو یہاں پہنچے تو ان کا نہایت پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے نور خان ایئر بیس پر ان کا والہانہ خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز، وزیر ماحولیاتی تبدیلی زاہد حامد اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ روائتی لباس میں ملبوس دو بچوں نے مہمان صدر کو گلدستے پیش کئے۔ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سیلوٹ پیش کیا جبکہ انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ ایران کے صدر حسن روحانی کا وزیراعظم محمد نواز شریف کی دعوت پر صدر کی حیثیت سے پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق ایرانی صدر وفاقی دارالحکومت میں قیام کے دوران صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔