خبرنامہ پاکستان

اورنگی ٹاؤن میں 2 نوجوانوں کا قتل ایم کیو ایم لندن قیادت کے حکم پر ہوا، کرنل قیصر

کراچی(ملت آن لائن)پاکستان رینجرز سندھ کے کرنل قیصر کا کہنا ہے کہ اورنگی ٹاؤن میں 17 جولائی کو قتل ہونے والے 2 افراد کو ایم کیو ایم لندن قیادت کے حکم پر قتل کیا گیا جب کہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کرنل قیصر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم لندن کے 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے دوران تفتیش بانی ایم کیو ایم، ندیم نصرت، قمر ڈیڈی اور بابو بھائی کے نام بتائے ہیں جب کہ ملزمان کو ساؤتھ افریقا سے واٹس ایپ کے ذریعے پیغام دیا گیا۔

کرنل قیصر کے مطابق گرفتار ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے جنوبی افریقا کے سیٹ اپ سے رابطے میں تھے اور ٹارگٹ کلنگ کی کارروائی کے بعد بانی ایم کیو ایم نے ملزمان کو کارروائی مکمل کرنے پر شاباشی بھی دی۔

کرنل قیصر نے پریس کانفرنس کے دوران واٹس ایپ کال بھی چلائی جس میں بانی ایم کیو ایم کی آواز سنی جا سکتی تھی جب کہ بانی ایم کیو ایم کی بات کو تحریری شکل میں پروجیکٹر پر بھی دکھایا گیا۔

کرنل قیصر کا کہنا تھا کہ گرفتار کئے گئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلرز میں محمد رحیم اور محمد دانش شامل ہیں جن کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

کرنل قیصر کے مطابق واردات کے اگلے ہی روز ملزمان کو بینک اکاؤنٹ میں 50 ہزار روپے بھجوائے گئے۔

سندھ رینجرز کے کرنل قیصر نے کہا کہ اب وہ قت گزر گیا جب ایک فون کال پر کراچی بند ہو جاتا تھا، شہر قائد کے حالات پہلے سے کافی بہتر ہوگئے ہیں تاہم کچھ کالعدم جماعتیں افغانستان سے کام کر رہی ہیں جب کہ پولیس پر حملوں کے حوالے سے کافی شواہد اکٹھے کیے ہیں۔