خبرنامہ پاکستان

برآمدات تاریخ میں پہلی بار 25 ارب ڈالر کے ہدف سے تجاوز کرگئی ہیں:خرم دستگیر

اسلام آباد ۔(اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ 2014-15ء میں تجارتی خسارہ 22 ارب 16 کروڑ ڈالر تھا‘ زندہ لائیو سٹاک کی برآمدات پر پابندی کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں‘ اس پر پابندی اٹھانے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں‘ پاکستان کی برآمدات تاریخ میں پہلی بار 25 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے بتایا کہ پاکستان کی برآمدات تاریخ میں پہلی بار 25 ارب ڈالر کے ہدف سے تجاوز کرگئی ہیں‘ 2014-15ء میں پاکستان کی برآمدات میں منفی نمو رہی‘ ہمارا دارومدار کپاس‘ لیدر مصنوعات اور باسمتی چاول پر ہے۔ ان کی عالمی سطح پر قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ روپے کی قدر میں کمی سے بھی مسابقتی عمل پر فرق پڑا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے لئے سٹیل سمیت دیگر میٹریل کے لئے اپنے انفراسٹرکچر کو بڑھانا ہوگا۔ سٹیل پر مناسب اقدامات کے بعد اینٹی ڈمپنگ یا دیگر اقدامات کا فیصلہ کریں گے۔ خالدہ منصور کے سوال کے جواب میں انجینئر خرم دستگیر نے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے لائیو سٹاک کی برآمدات پر پابندی لگائی ہے جس سے پاکستان سے گوشت کی برآمدات 19 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 21 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہیں جون تک اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ برآمدات بڑھانے کے لئے کچھ تجاویز آئندہ پارلیمنٹ کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افغانستان‘ ایران اور مشرق وسطیٰ سمیت علاقائی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانی ہے۔ ہمیں اپنی صنعت کے لئے بعض اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔ ڈاکٹر شازیہ صوبیہ کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عالمی بنک کے ڈیٹا بیس کے مطابق عالمی جی ڈی پی کے لحاظ سے اشیاء اور خدمات کی معیاری شرح 29.6 فیصد ہے جبکہ پاکستان کی اشیاء و خدمات کی شرح 2014ء میں 12.28 فیصد تھی۔ عالمی بنک کے معیار تک پہنچنے کے لئے انفراسٹرکچر سمیت دیگر اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔ اس حوالے سے حکومتی سوچ آئندہ بجٹ میں مزید واضح ہوکر سامنے آئے گی۔ جی ایس پی پلس کے حوالے سے عالمی منڈیوں میں مسابقت کے لئے ہم نے اردو میں تمام معلومات فراہم کردی ہیں۔ طاہرہ اورنگزیب کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بھارت کو جپسم اور سیمنٹ کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔ ساڑھے پانچ لاکھ ٹن 2013-14ء اور 2014-15 ء میں پونے آٹھ لاکھ ٹن اضافہ ہوا۔