خبرنامہ پاکستان

بلوچستان سے گرفتار ’’را‘‘ کے ایجنٹ کے معاملے پر ایران سے مدد لی جائے گی، چوہدری نثار

اسلام آباد:(اے پی پی) حکومت نے بلوچستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ کے معاملے پر ایران سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان کے حساس اداروں کی کارکردگی لائق تحسین ہے، ان کی کاوشوں اور کوششوں سے ملک دشمن نیٹ ورک توڑا گیا جب کہ ہم بہت پہلے سے یہ بات کہتے آ رہے ہیں کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں حالات کو بگاڑنے اور امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے اور اب بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کی گرفتاری کے بعد ہمارے مؤقف کی تائید ہوگئی ہے۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ’’را‘‘ کے ایجنٹ کی گرفتاری انتہائی تشویشناک ہے تاہم اس معاملے کی تفتیش ابھی تفصیل سے ہوگی اور اس سلسلے میں ایران سے بھی مدد مانگی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ملک بھی خطے میں امن و امان کی پاکستانی کاوشوں اور دوستی کو ہماری کمزوری نہ سمجھے۔گزشتہ روز سیکیورٹی اداروں نے بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ایجنٹ کو حراست میں لیا تھا جس سے دوران تفتیش انکشافات ہوا ہے کہ ملزم کو ایران میں تعینات کیا گیا تھا جب کہ وہ بلوچستان میں علیحدگی پسند تنظیموں سے رابطے میں تھا۔