خبرنامہ پاکستان

بنکاک میں پاکستانی سفارتخانہ غیر قانونی حرکتوں میں ملوث

بنکاک میں پاکستانی سفارتخانہ

بنکاک میں پاکستانی سفارتخانہ غیر قانونی حرکتوں میں ملوث

بنکاک:(ملت آن لائن) تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارتخانے کے ایک اہلکار نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ اہلکار غیر ملکیوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے ملوث میں ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ایاز الدین کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ ایف آئی اے کو بھیجی جانے والی ایک درخواست میں کہا گیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک برمی باشندے کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کیا گیا جسے کراچی ایئر پورٹ پر حراست میں لے لیا گیا تھا جب کہ اس کے علاوہ بھی کئی غیر ملکیوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کیے گئے۔ ایاز الدین نے مزید کہا کہ جب اس نے غیر قانونی حرکت پر اعتراض کیا تو اسے دھمکیاں دی گئیں اور اس کو واپس پاکستان بھجوا دیا گیا۔ اس نے مزید کہا کہ سفارتخانے میں اس گروہ کو جونئیر قونصلر فراز زیدی کی آشیرباد حاصل ہے جو جونئیر قونصلر ہونے کے باوجود سینئر پوسٹ آف چیف آف مشن کی پوسٹ پر تعینات ہے۔

……………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…وزیرستان آپریشن میں 3 سال درکار ہیں، وزارت سیفران

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزارت سرحدی امور (سیفران) نے کہا ہے کہ فوجی آپریشن میں مسمار مساجد کی تعمیرنو کیلیے 3 سال درکار ہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کراتے ہوئے بتایا کہ جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے دوران سینکڑوں مساجد اور مدارس مسمار کیے گئے۔ تحریری جواب میں بتایا گیا کہ سب ڈویژن لدھا میں 578 مساجد اور مدارس مسمار کیے گئے جبکہ سب ڈویژن سروکئی میں 266 مساجد اور مدارس مسمار کیے گئے۔ وزارت سیفران نے بتایا کہ مساجد و مدارس کی تعمیر نو کے لیے تین سال کا عرصہ درکار ہے۔ وزارت تجارت نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کراتے ہوئے بتایا کہ 3 سال میں ملکی برآمدات میں کمی کا رحجان رہا، رواں برس برآمدات میں کمی کے رجحان پر قابو پایا گیا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک بشمول بھارت کے ساتھ پرامن دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے، چین، ایران، بھارت، افغانستان سب کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان نے دہشتگرد گروہوں کے خلاف موثر کارروائی کی ہے۔