خبرنامہ پاکستان

بھارتی فوج کی رواں ہفتے تیسری بار لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ

بھارتی فوج کی رواں ہفتے تیسری بار لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ

کوٹلی:(ملت آن لائن) بھارتی فوج نے رواں ہفتے تیسری بار آج پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کی جس سے خاتون شہید ہوگئیں۔ بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایک بار پھر دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔ بھارت اپنی اشتعال انگیزیوں سے باز نہ آیا۔ بھارتی فوج کی جانب سے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کی گئی جس سے مقامی خاتون شہید جبکہ 2 لڑکیاں زخمی ہوگئیں۔ یہ بھارتی فوج کی رواں ہفتے سیز فائر کی تیسری خلاف ورزی ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزی کے بعد پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی گئی۔ سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو آج پھر دفتر خارجہ طلب کرلیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارتی اشتعال انگیزیوں پر شدید احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے 3 دن میں 4 افراد شہید اور 20زخمی ہوچکے ہیں۔ بھارت کی جانب سے مسلسل بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔رواں ماہ بھارت اب تک 150 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جان بوجھ کر سرحدوں پر اشتعال انگیزی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔ بھارت سرحدوں پر اشتعال انگیزی بند کرے۔ یاد رہے کہ 18 جنوری کو بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور کندن پور، سیالکوٹ اور چپراڑ سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 خواتین شہید جبکہ 5 شہری زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ اس سے قبل اسی ہفتے 15 جنوری کو بھی بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوٹلی سیکٹر پر مارٹر فائر کیے تھے جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی جوان شہید ہوگئے تھے۔ اس روز بھی پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی تھی جس میں 3بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔