خبرنامہ پاکستان

بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی پر شدید احتجاج

اسلام آباد: پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور فوجی جوانوں کی شہادت پر بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔
لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان نے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ پر شدید مذمت کی۔ سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا جس میں کہا گیا کہ بھارت نے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس سے خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور بھارت عالمی قوانین کے تحت پابند ہے کہ وہ قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔
احتجاجی مراسلے میں کہا گیا کہ بھارت کو سیز فائر معاہدے کا احترام کرنا چاہیے اور وہ ایسے واقعات کی ذمہ داری کا تعین کرے ورنہ پاکستان جوابی کارروائی کا پورا حق رکھتا ہے۔
واضح رہے بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اپنی اشتعال انگیزی کو سرجیکل اسٹرائیک کا نام دیا گیا جس میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوئے تاہم پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی جس میں کئی بھارتی فوجیوں کو جہنم واصل کیا گیا۔