خبرنامہ پاکستان

بھارت :راجستھا ن میںبغیر ویزاقیام پر 35 پاکستانی گرفتار

راجستھان:(اے پی پی)بھارتی ریاست راجستھان میں بغیر ویزاقیام کے الزام میں 35 پاکستانیوں کو حراست میں لے لیا گیا ، بھارتی حکام کے مطابق پاکستانیوں کے پاس صرف متھرا اور ہریدوار کا ویزہ تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے شہر جیسلمیر میں حراست میں لئے گئے 35 پاکستانیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق عمر کوٹ، میر پور خاص اور تھر پار کر سے ہے ،جو مونا باؤ کے راستے بھارت پہنچے تھے۔یہ تمام پاکستانی افراد ضلع رام دیورا میں مندر کی یاترا کےلئے جانا چاہتے تھے۔ پولیس کے مطابق ان افراد کے پاس صرف متھرا اور ہریدوار کا ویزہ تھا جس کے بعد انہیں یہیں روک لیا گیا اور ان کو حراست میںلینےکی اطلاع اعلیٰ حکام کو دے دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بغیر ویزا آنے پر ان پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔