خبرنامہ پاکستان

بھارت نے پاکستان میں را افسر کی گرفتاری کو تسلیم کر لیا

لاہور:(اے پی پی)بھارت نے حیلوں بہانوں کے ساتھ اعتراف جرم کر لیا۔ بھارتی دفتر خارجہ نے بھی تصدیق کر دی۔ بھارتی دفتر خارجہ نے کہا کل بھوشن یادیو نیوی کا سابق ملازم ہے۔ بھارت نے را کے گرفتار افسر تک قونصلر رسائی بھی مانگ لی۔ آج پاکستان کی جانب سے بلوچستان میں را کے ایجنٹ کی گرفتاری پر بھارت سے شدید احتجاج بھی کیا گیا تھا۔ بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا گیا ۔ گوتم بمبا والے کو کل بھوشن یادیو کی گرفتاری اور پاکستان کے خلاف تخریبی کارروائیوں کے حوالہ سے آگاہ کیا گیا ۔ پاکستان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی بلوچستان میں را کے ذریعہ دہشت گردی کی کارروائیاں کی جاتی رہیں ۔ بھارت کی ان سرگرمیوں کے دستاویزی ثبوت اقوام متحدہ کو بھی فراہم کیے گئے ہیں ۔ بلوچستان میں گرفتار ہونے والے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کے حقائق دنیا کے سامنے بے نقاب کیئے ۔ دنیا نیوز کے پروگرام “دنیا کامران خان کے ساتھ ” میں را کے ایجنٹ کی اصلیت اور تمام دستاویزات دنیا کے سامنے لائی گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق را کا افسر کل بھوشن 2013 سے را کیلئے کام کر رہا تھا اس کی بیوی اور دو بچے اس کے والدین کے پاس رہتے ہیں ، کل بھوشن یادیو تین سال سے براہ راست را میں شامل تھا اور دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا ۔ گرفتار بھارتی ایجنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بلوچستان کے علاقے وڈ میں حاجی بلوچ سے رابطوں میں تھا ۔ حاجی بلوچ کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کو بھی مالی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرتا تھا ۔ بلوچستان سے گرفتار بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے ایجنٹ نیوی کے کمانڈر بھوشن یادیو سے تفتیش میں مزید اہم انکشافات سامنے آئے ہیں ۔ بھارتی ایجنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ حاجی بلوچ کالعدم تنظیموں کے دہشت گردوں کا سہولت کار تھا ۔ سانحہ صفورا کے ماسٹر مائنڈ بھی بلوچستان میں حاجی بلوچ سے رابطوں میں تھے ۔کراچی میں صفورا بس پر ہونے والی فائرنگ سے 45 افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔ بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ بھوشن یادیو نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گری کیلئے مقامی دہشت گردوں کی مدد لی گئی ۔ کراچی سمیت سندھ میں فسادات پھیلانے کے لیے کئی میٹنگز ہو چکی ہیں ۔ دنیا نیوز نے کل بھوشن یادیو کے ویزے اور پاسپورٹ کی نقل بھی حاصل کر لی تھی۔