خبرنامہ پاکستان

بھارت کا چہرہ اقوام عالم کےسامنےبےنقاب کرناہوگا: لارڈ نذیراحمد

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں کشمیر کا معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھایا مگر محض ایک تین منٹ کی تقریر سے معاملہ حل نہیں ہو گا، معصوم کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والے بھارت کا مکروہ چہرہ اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کرنا ہو گا ۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے نیشنل پریس کلب میں معقدہ سیمینارسے خطاب میں لارڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر سیاست ہو رہی ہے ، برطانیہ میں کشمیر کا مقدمہ لڑنے والی رکن پارلیمنٹ کا قتل ہو گیا ، لیکن کشمیر اور پاکستان سے کوئی موثر آواز بلند نہ ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ادھر بھارتی مظالم سے لوگ چھلنی ہو رہے تھے اور آزاد کشمیر میں وزارتیں بانٹی جا رہی تھیں، کشمیری عوام اور قیادت کو اپنے رویے پر غور کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تین ماہ سے مسلسل کرفیو اور بھارتی بربریت جاری ہے، مسلسل کرفیو اخبارات، ٹیلیفون اور انٹرنیٹ پر پابندی گھناؤنا جرم ہے ۔ ان کا کہنا تھا بھارت کا چہرہ اقوام عالم کے سامنے بے نقاب کرنا نہایت ضروری ہے۔