خبرنامہ پاکستان

ترکی میں نواز شریف حکمراں ہوتےتووہاں فوجی بغاوت کامیاب ہوجاتی، عمران

باغ آزاد کشمیر:(اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ترکی میں رجب طیب اردگان کی جگہ نواز شریف حکمراں ہوتے تو وہاں بغاوت کامیاب ہو جاتی۔ آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تباہی کی طرف جا رہا ہے کیونکہ یہاں کرپشن میں ہر سال اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس ملک کا حکمران اور کابینہ کرپٹ ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا، جس ملک کا سربراہ چور ہو وہ تباہ ہوجاتا ہے، احتساب ہمیشہ اوپر سے شروع ہوتا ہے اس لئے وزیراعظم نواز شریف کے احتساب تک اس ملک سے کرپشن کا خاتمہ نہیں ہو سکتا۔ جمہوریت کی حفاظت عوام کرتے ہیں، اگر ترکی میں رجب طیب اردگان کی جگہ نواز شریف حکمران ہوتے تو وہاں بغاوت کامیاب ہو جاتی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں تبدیلی کا یہی وقت ہے اس لئے 21 جولائی کو عوام نظریے اور سوچ کو ووٹ دیں، اگر موجودہ حکمرانوں نے عوام کے حالات بہتر بنانے ہوتے تو اب تک کر چکے ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف نے آصف زرداری کا پیٹ چیر کر پیسے نکالنے کے دعوے کئے جو دھرے کے دھرے رہ گئے کیونکہ یہ لوگ خود بہت بڑے کرپٹ ہیں، ہماری حکومت میں احتساب مجھ سے شروع ہوگا، بیرسٹر سلطان اگر آزاد کشمیر کے وزیراعظم بنے تو وہ بھی احتساب سے بالاتر نہیں ہوں گے کیونکہ کرپشن احتساب سے ہی ختم ہوتی ہے۔