خبرنامہ پاکستان

تعلیم کا مقصد شخصیت کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ کردار سازی ہونا چاہیے

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ تعلیم کا مقصد شخصیت کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ کردار سازی ہونا چاہیے تاکہ نئی نسل ایک لگن اور محنت کی بنا پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں آگے بڑھ سکے اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار اد اکر سکے ۔ ہفتہ کوسینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے ان خیالات کا اظہار جناح پریپرٹری سکول کی جانب سے میٹرک کے نتائج میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کی تقریب تقسیم اسنادوانعامات کے موقع پر کیا ۔ جس میں سکول کے سابق و موجودہ طلباء کے علاوہ بچوں کے والدین، اساتذہ اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ تعلیم سب کیلئے یکساں اور ہر بچے کے دسترس میں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کا تھوڑا حصہ تعلیم کیلئے رکھا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ان کی یہ کوشش ہو گی کہ ایک ایجوکیشن کمیشن بنایا جائے جو قومی تعلیم کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے یہ ایجوکیشن کمیشن ماہرین پر مشتمل ہو جو کہ پورے تعلیمی نظام پر نظر ثانی کر ے۔ سینیٹ میں قائد ایوان نے کہا کہ ہمیں تعلیم کے شعبے میں مزید آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں تعلیم و تربیت اور مقاصد تعلیم پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے ۔قبل ازیں جے پی ایس سکول کے چیف ایگزیکٹو عبدالقادر حئی نے مہمان خصوصی راجہ محمد ظفرالحق کو خوش آمدید کہا ۔اور سکول کے اغراض و مقاصد اور کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔اس موقع پر سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے سکول کی انتظامیہ ، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے بچوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ بعدازاں انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے اور انہیں داد بھی دی ۔ 6 ستمبر (یوم دفاع)اور 11 ستمبر(یوم وفات قائد اعظم )کے حوالے سے طلباء و طالبات نے تقاریر اور پر جوش ملی نغمے پیش کیے جسے سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفرالحق اور شرکاء نے بے حد سراہا ۔