خبرنامہ پاکستان

تمام پارٹی اراکین نے استعفے مجھے جمع کرا دیے، عمران خان

کےپی پولیس کاسند

تمام پارٹی اراکین نے استعفے مجھے جمع کرا دیے، عمران خان

اسلام آباد:(ملت آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ تمام پارٹی اراکین نے استعفے مجھے جمع کرا دیے ہیں جب چاہوں گا استعفے دیدوں گا۔ تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کے معاملے پر راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر لائی جائے۔ عمران خان نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور مولانا فضل الرحمان کو ڈر ہے کہ اگر فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم ہو گیا تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے انضمام کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان بہت ہی خطرناک گیم کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں پرانا نظام ختم ہو چکا ہے جس کے باعث وہاں ایک خلا موجود ہے، وہاں خلاء رہا تو ڈر ہے اور رپورٹس بھی ہیں کہ وہاں دوبارہ دہشت گردی شروع ہوجائے گی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ قبائلیوں اور پاکستان سے ظلم ہو رہا ہے، قبائلی علاقوں کو صرف عدالت کا دائرہ کار دینا کافی نہیں ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا ضم کیا جائے۔ قبل اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسمبلیوں سے استعفے دینے اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی ای سی کے اجلاس میں آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹس کی تقسیم کے لیے تجاویز پیش کی گئیں جب کہ کمیٹی نے پارٹی کی رکنیت سازی مکمل کرنے کی بھی منظوری دے دی۔