خبرنامہ پاکستان

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس: جے آئی ٹی کا دفتر اسلام آباد کے بجائے کراچی میں قائم

اسلام آباد: جعلی بینک اکاوئنٹس کے معاملہ کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کردہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے اپنا سیکریٹریٹ کراچی میں قائم کرلیا۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی ممبران نے اسلام آباد کی بجائے کراچی میں سیکریٹریٹ بنانے پر اتفاق کیا جس کے لیے شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں سیکریٹریٹ قائم کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں موجود وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی نئی بلڈنگ میں جے آئی ٹی کا سیکریٹریٹ قائم کیا گیا ہے اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احسان صادق جے آئی ٹی کے سربراہ ہیں۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر 6 ستمبر کو جعلی بینک اکاؤنٹس کے معاملے کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے ممبران میں کمشنر کارپوریٹ ٹیکس آفس عمران لطیف منہاس، ڈائریکٹر نیب نعمان اسلم، ایس ای سی پی کے ڈائریکٹر محمد افضل اور آئی ایس آئی کے بریگیڈیر شاہد پرویز شامل ہیں۔

جےآئی ٹی کو ضابطہ فوجدرای، نیب آرڈیننس، ایف آئی اے ایکٹ اور اینٹی کرپشن قوانین کے تحت اختیارات حاصل ہوں گے۔

جےآئی ٹی جعلی بینک اکاونٹس کا تفصیلی جائزہ لے گی اور سراغ لگائے گی کہ سچائی کیا ہے جب کہ تحقیقاتی ٹیم جعلی بینک اکاونٹس میں ملوث افراد کے خلاف شہادتیں بھی اکٹھی کرے گی۔