خبرنامہ پاکستان

جمہوری اداروں کا استحکام آزاد صحافت سے وابستہ ہے، امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل

کراچی :(آئی این پی ) پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ آزاد صحافت ایک جمہوری معاشرے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔سینٹرفار ایکسلینس ان جرنلیزم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ سینٹر کا قیام پاکستانی صحافیوں کو ان کی پروفیشن صلاحیتیں بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گا تاکہ وہ بھی پاکستانی معاشرے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عشرت حسین نے آئی بی اے کو موثر ویژن فراہم کیا ہے پاکستان میں جدید انداز کا سینٹرصحافیوں کو پیشہ وارانہ مہارت میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ جمہوری اداروں کا استحکام آزاد میڈیا سے وابستہ ہے اور امریکا میں بھی جمہوریت کیلئے میڈیا نے اہم کردار ادا کیا ہے پاکستان سے روایتی اور دیرینہ تعلقات پر فخر ہے اور پاکستان میں ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کی واضح صلاحیتیں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آب بزنس ایڈمنسٹریشن میں سینٹرفار ایکسلینس ان جرنلیزم صحافیوں کو مختلف شعبوں میں پروفیشنل ٹریننگ فراہم کرے گا۔آئی بی اے کے ڈین اور ڈائریکٹر ڈاکٹر عشرت حسین نے کہاکہ چار ملین ڈالر کی لاگت سے یہ ادارہ قائم کیا گیا ہے جس میں انٹر نیشنل سینٹر فار جرنلٹس کے علاوہ ویسٹرن یونیورسٹی میڈل اسکول آف جرنلیزم کا اشتراک بھی شامل ہے۔بعد ازاں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آئی بی اے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عشرت حسین کے ہمراہ امریکی حکومت کے مالی تعاون سے تعمیر کئے جانے والے سینٹرفار ایکسلینس ان جرنلزم کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اساتذہ اور دیگر ماہرین سے ملاقات بھی کی۔