خبرنامہ پاکستان

جنرل راشد محمود کی ایڈمرل محمد ذکاء اللہ سے الوداعی ملاقات

راولپنڈی: (ملت+اے پی پی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ سے الوداعی ملاقات کی۔ نیول چیف نے ملک کے دفاع اور مسلح افواج کے لئے اُن کی شاندار طویل خدمات کو سراہا جنرل راشد محمود کا نیول ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ایڈمرل محمد ذکا ءاللہ نے استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاک چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا اس موقع پر بحریہ کے بینڈ نے دل کو گرما دینے والی دھنیں بکھیریں۔ مختصر تقریب کے بعد جنرل راشد محمود نے ایڈمرل محمد ذکا ءاللہ سے ملاقات کی۔ نیول چیف نے ملک کے دفاع اور مسلح افواج کے لئے اُن کی شاندار خدمات کو سراہا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاک بحریہ کی طرف سے بھرپور تعاون پر چیف آف دی نیول سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔ جنرل راشد محمود نے پاک بحریہ اور چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔