خبرنامہ پاکستان

جنید کے گھر پر احباب کا ہجوم

کراچی: (ملت+اے پی پی) ایبٹ آباد طیارہ حادثے کے دوسرے روز بھی کراچی میں معروف نعت خواں جنید جمشید کی رہائشگاہ پر رشتے داروں، قریبی دوستوں اور شوبز شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ جنید جمشید کے دوست انہیں یاد کر کے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ جنید جمشید کے اہلخانہ سے تعزیت کے لئے پی ٹی آئی کے رہنماء عمران اسماعیل اور خرم شیر زمان بھی پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنید جمیشد کا خلاء کھبی پر نہ ہو سکے گا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ بھی تعزیت کیلئے جنید کے گھر پہنچے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کے حادثے میں پی آئی اے کی غلطی ہے، انجن میں ایسے فالٹ نہیں آتے۔ مولانا طارق جمیل نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ جنید جمشید کے انتقال پر گہرے صدمے میں ہیں۔ اہلخانہ کے مطابق، جنید جمشید کی میت کی شناخت کے بعد نماز جنازہ اور تدفین کا فیصلہ کیا جائے گا۔ جنید جمشید چترال میں تبلیغی مشن کے دوران آخری خطاب میں بھی ایثار و قربانی کا درس دیتے رہے۔ جنید جمشید نے آخری نعت قصیدہ بردہ شریف پڑھی اور اپنے مخصوص انداز سے پوری محفل کو مسحور کئے رکھا۔ دوسروں کو قربانی کا درس دینے والا سب کو اداس کر گیا۔ جنید جمشید کے چاہنے والوں کو اب کوئی دوسرا جنید جمشید نہیں مل سکے گا۔