خبرنامہ پاکستان

حکومت اور ادویہ ساز کمپنیوں کے درمیان مذاکرات نہ ہوسکے

اسلام آباد:(آئی این پی) ادويات کی قیمتیں بڑھانے کے معاملہ پر حکومت دوا ساز کمپنیوں کا انتظار کرتی رہی ، وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ کہتی ہیں کہ کچھ ملٹی نیشنل کمپنیوں نے غلط بیانی کرکے حکم امتناعی لیا اور قیمتیں بڑھائیں ، اپوزیشن معاملہ پر سیاست نہ کرے ۔ حکومت اور دوا ساز کمپنیوں میں قیمتوں کے حوالہ سے مذاکرات نہ ہوسکے ۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ ، ڈی جی اور سیکرٹری صحت پر مشتمل ٹیم دواساز کمپنیوں کا انتظار ہی کرتی رہی ۔ گیارہ میں سے صرف ایک کمپنی کا نمائندہ مذاکرات کے لیے آیا مذاکرات صبح دس بجے شروع ہونا تھے تاہم حکومتی ٹیم کئی گھنٹہ تک انتظار کرتی رہی ، وزیر مملکت نے بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادويہ ساز کمپنيوں کو بلايا تھا مگر وہ نہيں آئے ، اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزيشن عوامی معاملے پر پوائنٹ سکورنگ بند کرے ، اپوزيشن اجازت کے بغير ادويات کی قيمتوں ميں اضافہ کرنے والوں کی حمايت کر رہی ہے ، حکومت ادويات کي قيمت کم کرنے جبکہ اپوزيشن فارما کمپنیوں کی حمایت کر رہی ہے ، کچھ ملٹی نيشنل کمپنيوں نے عدالت کو غلط بيانی کرکے حکم امتناعی کی آڑ ميں قيمتوں ميں من مانا اضافہ کيا ، حکومت عوام کے ساتھ ايسی زيادتی کسی صورت برداشت نہيں کرے گی ۔