خبرنامہ پاکستان

حکومت نیب سےناراض ہے اورنہ خوفزدہ،وزیرداخلہ

اسلام آباد:(اے پی پی)وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کہتے ہیں سندھ حکومت ایک کیس کو پکڑ کر شور مچارہی ہے،ڈھائی سال کے کیسز کھولے تو حج اسکینڈل سمیت بڑے بڑے کھاتے کھلیں گے، اگرزرداری صاحب میگا کیسز کیلئے کمیشن بنانے کیلئے تیار ہیں تو حکومت بھی آگے بڑھنے کیلئے راضی ہے۔حکومت کا نیب کے پرکاٹنے کا کوئی ارادہ نہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی خان حکومت سندھ پر برس پڑے،بولے ڈاکٹر عاصم کے کیس میں بڑا شور مچایا جاتا ہے، ایف آئی اے پر بھی انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں،حکومت سندھ سیاسی بیان بازی کے بجائے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے بہت سارے میگا کرپشن کیسز پر تفتیش کررہی ہے ،ان کیسز میں حج اور عمرہ جیسے اسکینڈل بھی شامل ہیں، اسی حوالے سے عدالتی اسکروٹنی کیلئے کہا تھا لیکن سندھ حکومت کے ترجمان نے چھوٹے سے کیس پر بات کی۔چوہد ری نثار کا کہنا تھا کہ نہ وفاقی حکومت نیب سے ناراض ہے اور نہ ہی خوفزہ، وزیراعظم نے بیان چند بڑے بزنس مین کی شکایت پر دیا تھا،انہں نے کہا کہ حکومت نیب کے پر کاٹنے کی کوئی تیاری نہیں کررہی۔چوہدری نثار نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی کو تحفظات ہیں تو وہ پارلیمانی لیڈرز کو بریفنگ دینے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر زرداری صاحب میگا کیسز کیلئے کمیشن بنانے کیلئے تیار ہیں تو حکومت بھی آگے بڑھنے کیلئے راضی ہے۔