خبرنامہ پاکستان

حکومت نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے فنڈز مختص کئے:شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے لئے فنڈز مختص کئے جبکہ پائپ لائن کے لئے اراضی حاصل کی گئی، گزشتہ دور حکومت میں صحرا میں 2 پائپ رکھ کر بغیر کسی بجٹ یا ٹینڈر کے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شمس النساء کے سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ معاہدے کے تحت ایل این جی کی قیمتیں پٹرولیم مصنوعات سے کم ہیں۔ مزمل قریشی کے سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ ہم نے ایران پر پابندیاں اٹھا دی ہیں۔منصوبہ کیلئے دو ارب ڈالر کی مالی معاونت درکار ہے اور عالمی سطح پر پابندیاں مکمل طورپر اٹھانے کے بعد ہی اس پر پیشرفت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے پراجیکٹ پر کام کا آغاز کرنے کے لئے جی ایس پی اے میں ڈرافٹ کی ترمیم پر اتفاق کا انتظار کیا جارہا ہے۔ گزشتہ دور حکومت میں پابندیوں کے باوجود اس منصوبہ کا سنگ بنیاد صحرا میں دو پائپ لگا کر کیا گیا،عالمی سطح پر لوگوں کو بلایا گیا ،تصویریں بنوائی گئیں اور سب گھر چلے گئے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ اس منصوبے کیلئے نہ کنٹریکٹ ہوا، نہ کوئی ٹھیکہ دیا گیا اورصرف سنگ بنیاد رکھ دیا گیا تاہم موجودہ حکومت نے اس پائپ لائن کے لئے اراضی حاصل کرلی ہے، جس وقت پراجیکٹ پر دستخط ہوئے اگر اس وقت حقائق سامنے آجاتے تو یہ صورتحال نہ ہوتی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اس منصوبے پر 20 ملین روپے صرف کئے ہیں، حکومت منصوبے پر عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے۔صاحبزادہ یعقوب خان کے سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ لوئیر دیرکے علاقوں چکدرہ‘ گل آباد اور تالاش میں سوئی گیس کی فراہمی کے لئے نیٹ ورک بچھانے کے لئے تیرہ کروڑ 17 لاکھ 98 ہزار روپے کی رقم دستیاب ہے۔