خبرنامہ پاکستان

خیبر پختونخوا کا پیپلز پارٹی سے رشتہ 50 سال پرانا ہے، بلاول

خیبر پختونخوا کا پیپلز پارٹی سے رشتہ 50 سال پرانا ہے، بلاول

بنوں:(ملت آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمیں ایسی عدالت کی ضرورت ہے جو انصاف کرسکے اور ایسے اداروں کی ضرورت ہے جو قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں۔ بنوں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے فاٹا کے لوگوں کو ووٹ کا حق دیا اور ان کی جماعت فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کی مخالفت کررہے ہیں، مولانا صاحب آپ کو فاٹا کے عوام سے کیا دشمنی ہے، آپ فاٹا کے لوگوں کے بنیادی انسانی حقوق کیوں پامال کررہے ہیں؟ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام 40 سال سے آگ اور خون کا مقابلہ کررہے ہیں اور یہ خوشبو کی وادی جنگ کی خوشبو میں تبدیل کردی گئی ہے۔ بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا کی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور چیئرمین عمران خان کے حوالے سے کہا کہ ‘اگر جھوٹ کا عالمی میلہ لگا تو سب سے بڑا تاج عمران خان کو ہی پہنایا جائے گا’۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرکے مزید کہا کہ ‘عمران خان آپ نے صرف گالی دی اور یوٹرن لیا’۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو ان دہشتگردوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے، ہم دہشت گردوں سے لڑیں گے، یہ ہمارے بچوں اور عورتوں پر تشددد کرتے ہیں، بزرگوں کو قتل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں دہشت گرد گرفتار ہوں، عدالتیں قانون کے مطابق سزا دیں، ملک میں قانون کی حکمرانی سے دہشت گردی کو شکست دی جاسکتی ہے، ہمیں ایسی عدالت کی ضرورت ہے جو انصاف کرسکے، ایسے اداروں کی ضرورت ہے جو قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں۔