خبرنامہ پاکستان

دنیا بھرکےکشمیری آج یوم الحاق کشمیرمنارہےہیں

لاہو: (آئی این پی) دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منا رہے ہیں ۔ کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے بھارت مقبوضہ وادی میں موت کا کھیل کھیل رہا ہے لیکن آزادی کی تحریک اور جدوجہد میں مصروف کشمیری پرعزم ہیں کہ وہ ایک دن اپنی منزل پالیں گے ۔ خطے میں جنت نظیر وادی کے حسین اور پرکشش مناظر یہاں بسنے والوں کی اپنے حق کیلئے جدوجہد کو طاقت کے بل پر کچلنے کے بعد کچھ اور تصویر پیش کرتے ہیں ۔ وادی میں بھارتی جبر و استبداد کے بعد ہر سو موت ناچ رہی ہے ، گھر جلائے جا رہے ہیں ۔ عورتوں اور بچوں پر تشدد ، رہنمائوں کی آئے روز گرفتاریاں معمول بن گیا ۔ کشمیریوں کی عزت نفس مجروح کرنے کیلئے جگہ جگہ شناخت پریڈ ، چھ ہزار اجتماعی قبریں منظرعام پر آئیں مگر عالمی ضمیرنہ جاگ سکا ۔ ایک ایک قبرمیں نہتے اور معصوم کشمیری سلا دیئے گئے ۔ کیا عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں سوا لاکھ یتیم بچوں کے اس سوال کا جواب دے پائیں گے کہ ان سے والدین کیوں چھین لیے گئے ۔ ریاستی دہشت گردی عروج پر ہے ۔ بھارتی قائدین ہر قیمت پر کشمیر کو اپنا حصہ بنانے پر ڈٹے ہیں ۔ چاہے اس کیلئے انہیں ہر کشمیری کو ہی کیوں نہ قتل کرنا پڑے مگر اس سب کے باوجود کشمیر کے نہتے مگر نڈر سپوت اپنی جدوجہد کو جاری رکھے ہیں ۔ کشمیری جانتے ہیں بھارت ایک ہاری ہوئی بازی لڑ رہا ہے ۔ انہیں اقوام عالم پرعزم رکھے ہوئے ہے کہ حق اور سچ کو ہمیشہ منزل مل جاتی ہے ۔ کشمیر کا بچہ بچہ اور آنے والی نسل بھی آزادی کے نعرے سے لبریز ہے ۔