خبرنامہ پاکستان

دھرنا اور کنونشن کی تیاریاں مکمل، پیر سیالوی داتا دربار کے لئے نکل پڑے

دھرنا اور کنونشن کی تیاریاں مکمل، پیر سیالوی داتا دربار کے لئے نکل پڑے

لاہور: (ملت آن لائن) پیر سیال شریف خواجہ حمید الدین سیالوی کی کال پر آج داتا دربار پر ہونیوالے ختم نبوت اجتماع کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ شاہدرہ چوک، ٹھوکر نیاز بیگ، سگیاں پل، شیرا کوٹ اور دوسرے کئی مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگا دیئے گئے ہیں۔ داتا دربار کے سامنے چوک میں اسٹیج مکمل کر لیا گیا اور پنڈال میں ہزاروں کرسیاں لگائی دی گئیں۔ آج دن ایک بجے جلسہ شروع ہو گا اور رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔ اجتماع میں شرکت کیلئے دو سو بسوں پر مشتمل سب سے بڑا قافلہ سرگودھا سے پیر خواجہ حمید الدین سیالوی کی قیادت میں، فیصل آباد سے چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی قیادت میں، پاکپتن سے پیر دیوان عظمت سید محمد چشتی، تونسہ شریف سے پیر مدثر تونسوی، گوجرانوالہ سے علامہ پیر عبدالعزیز چشتی، گولڑہ شریف سے پیر نظام الدین جامی کی قیادت میں قافلے لاہور پہنچیں گے۔ تمام قافلے مختلف راستوں سے لاہور داخل ہونگے۔
سنی اتحاد کونسل کے میڈیا سیل کے مطابق دو ہزار مشائخ اور 30 اہل سنت جماعتوں نے داتا دربار اجتماع میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے۔ اجتماع کے انتظامات کیلئے ایک ہزار افراد پر مشتمل 50 مختلف کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا حکومت نے آج کے اجتماع میں رکاوٹ ڈالی تو ہر شہر میں دھرنے دیکر ملک جام کر دینگے۔ کارکنان تیاری کر کے لاہور آئیں گے۔ خواجہ حمید الدین سیالوی کا کہنا تھا داتا دربار لاہور میں ہونیوالے احتجاج کی تیاریاں مکمل ہیں، ملک بھر سے مریدین آج داتا کی نگری میں ہونیوالے احتجاجی مظاہرے و دھرنے میں تمام رکاوٹیں توڑ کر پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا ختم نبوت کے معاملہ پر متحد ہیں اور کسی بھی قسم کی سازش کو کامیاب نہیں ہو نے دینگے اور صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کو مستعفی ہو نا ہوگا اور ہم رانا ثنااللہ کے استعفیٰ تک وہاں بیٹھے رہیں گے۔