خبرنامہ پاکستان

دھرنے کے مقاصد کا علم ہے نہ دعوت ملی، سیاسی حمایت پی ٹی آئی کے ساتھ ہے: قادری

لندن /اسلام آباد(ملت + آئی این پی)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دھرنے کے مقاصد کا علم ہے نہ آج کے دن تک دعوت ملی تاہم ہماری سیاسی حمایت تحریک انصاف کے ساتھ ہے۔میرے ہر سفر پر نئے وارنٹ جاری ہو جاتے ہیں۔فرنٹ فٹ پر ہوں ،بیک پر جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ان ہاؤس تبدیلی سے کچھ نہیں ہو گا، پورا نظام بدلنا ہو گا۔ ملک میں جمہوریت نہیں بادشاہت ہے اور مافیا قابض ہے۔ پارلیمنٹ اندھی ،گونگی اور بہری ہے جسے ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت گری دکھائی دیتی ہے نہ پانامہ کی کرپشن۔ مرتے دم تک قصاص سے پیچھے نہیں ہٹیں گے جانتے ہیں موجودہ حکمرانوں کے ہوتے انصاف نہیں ملے گا تاہم انصاف کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔میرا حالیہ سفر سانحہ ماڈل ٹاؤن کو انسانی حقوق کے عالمی فورمز پر اٹھانے اور انصاف کے لیے ہے۔لاء فرم سے بریفنگ لوں گا۔کیس آخری مرحلے میں ہے۔ جمعہ کو اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ پر سربراہ عوامی تحریک کا یو کے تنظیم کے رہنماؤں نے پرتپاک استقبال کیا۔رہنماؤں، کارکنان نے خون رنگ لائے گا، انقلاب آئے گا اور گو نظام گو کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکومت کے خلاف موثر اور بامقصد احتجاج چاہتے ہیں۔ہنگامہ آرائی کر کے بے وقت اپنے کارکنوں کو تھکانا نہیں چاہتے۔ظالموں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکاؤں گا۔قصاص تحریک کے دوسرے راؤنڈ کا اعلان مناسب وقت پر ہو گا وہ مناسب وقت ہمارے علم میں ہے۔انہوں نے تحریک انصاف کے اسلام آباد احتجاج دھرنے کے حوالے سے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج کتنے دن ،ہفتوں، مہینوں کا ہو گا اس بارے میں کچھ معلومات نہیں۔استعفیٰ آیا اور نہ تلاشی دی گئی تو پھر کیا ہو گا؟ کیا حکمرانوں کے ملازم ادارے نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر تلاشی لیں گے؟ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور دھاندلی زدہ ظالم نظام کے خلاف سب سے پہلے ہم نے آواز بلند کی۔پاکستان کے عوام اور میڈیا کو 23 دسمبر 2012 ء کا مینار پاکستان کا جلسہ اور جنوری 2013 ء کا لانگ مارچ یادہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 62اور 63 کے تحت انتخابی امیدواروں کی سکروٹنی کا ہم نے مطالبہ کیا اور یہ آئینی شقیں عوام کو حفظ کروائیں۔انہوں نے کہا کہ اوپر سے لے کر نیچے تک ریفارمز کے بغیر حقیقی جمہوریت اور عدل کا نظام قائم نہیں ہو گا۔حکمران کشمیر سمیت ملکی ایشوز پر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ان کی کوئی سوچ ،پالیسی اور ویژن نہیں ہے۔ان کا ایک ہی ویژن ہے کہ ملکی خزانے کو لوٹ کر بیرون ملک محلات قائم کرو۔انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے بے گناہ خون کے سبب شریف برادران کا خاتمہ ہو گا ۔انصاف کی جدوجہد میں میری جان بھی چلی جائے تو پھر بھی میں ہی سرخرو ہوں گا ۔