خبرنامہ پاکستان

دہشتگردوں کیخلاف نفسیاتی جنگ میں بھی کامیابی حاصل کریں گے :چودھری نثار

اسلام آباد:(آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں کامیابی کے ساتھ ساتھ نفسیاتی جنگ بھی جیتنا ہے ، کہتے ہیں وفاقی دارالحکومت کی سیکورٹی مزید بہتر بنانے کیلئے آئندہ ماہ سے رینجرز اور پولیس کی مزید 150 گاڑیاں گشت کرینگی ۔ اسلام آباد میں موجود غیر ملکیوں کا آڈٹ بھی کیا جا رہا ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی زیر صدارت میڈیا ہاؤسز کی سیکورٹی سے متعلق اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا ۔ میڈیا ، تعلیمی اداروں اور تاجر نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی ، چودھری نثار نے کہا کہ زمینی حقائق کے مطابق دہشتگردی کیخلاف جنگ جیت رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف نفسیاتی جنگ بھی جیتنی ہے، آپریشن ضرب عضب میں مسلح افواج نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ اسلام آباد میں فوج کے 350 اہلکار سریع الحرکت فورس کے طور پر موجود ہیں، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔ آئندہ ماہ سے رینجرز اور پولیس کی مزید 150 گاڑیاں اسلام آباد میں گشت کرینگی، تعلیمی اداروں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ اسلام آباد میں رہائش پذیر تمام غیر ملکیوں کا آڈٹ کر رہے ہیں، کوائف اکٹھے کیے جا رہے ہیں کہ کس گھر میں کونسا غیر ملکی رہتا ہے اور کیا کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد رجسٹرڈ گاڑیوں میں ڈیجیٹل چپ لگائی جائے گی، جس کی وجہ سے سیکورٹی چیک پوسٹ پر گاڑی کی جلد کلیئرنس ہو سکے گی ۔