خبرنامہ پاکستان

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہا ہے: احسن اقبال

اسلام آباد :(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن ملک کی حیثیت سے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہا ہے، پاکستان دنیا بھر میں دہشت گردی کے حملوں سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہے۔ جمعہ کو باؤ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق باؤ فورم کی ایشیائی سالانہ کانفرنس 2016ء میں گروہی فنڈنگ میں اضافہ سے متعلق اجلاس میں پینلسٹ کے طور پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے ملکوں کے لئے اقتصادی ترقی کے برابر مواقع پر بھرپور یقین رکھتا ہے کیونکہ یہ مقصد دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کے قیام سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لوگ خدمت خلق اور شراکت داری پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت انفرادی سطح پر یا تنظیم کی صورت میں امداد کو ریگولیٹ کرتی ہے تاکہ امداد دینے کا مقصد حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی تک رسائی کے برابر مواقع فراہم کرنے کے لئے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں انڈسٹریل پارک تعمیر کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں مختلف ایشیائی ممالک کے ماہرین معاشیات اور کاروباری افراد نے شرکت کی۔