خبرنامہ پاکستان

سابق وزیر اعظم کا شریف میڈیکل سٹی کا دورہ، نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ

سابق وزیر اعظم کا شریف میڈیکل سٹی کا دورہ، نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہسابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے پیرول پر رہائی کے بعد جاتی امرا سے ملحق شریف میڈیکل سٹی کا دورہ کیا اور اپنی اہلیہ کلثوم نماز کی نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

نواز شریف پیرول پر موجود اپنے داماد کیپٹن (ر) صفدر، جنید صفدر اور سلیمان شہباز کے ہمراہ سخت سیکیورٹی حصار میں جنازہ گاہ دورہ کیا۔

نواز شریف نے ہدایت کی کہ نماز جنازہ کے انتظامات ٹھیک ہونے چاہئیں اور کسی کو جنازہ گاہ میں کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

اس موقع پر شہریوں نے نواز شریف اور دیگر لیگی رہنماؤں سے شریف میڈیکل سٹی میں ملاقات کی اور کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

کلثوم نواز کی لندن میں نماز جنازہ

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج لندن میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد ان کی میت کو پاکستان لایا جائے گا۔

سابق خاتون اول کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کے ریجنٹ پارک کی مسجد میں وہاں کے مقامی وقت 12 بجکر 15 منٹ (پاکستانی وقت 4 بجکر 15 منٹ ) پر ادا کی جائے گی اور اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک رہنما نے بتایا کہ حسن اور حسین نواز کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن میں بھی ادا کی جائے گی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق ریجنٹ پارک مسجد لندن میں نماز جنازہ کے بعد لندن کے مقامی وقت شام 6 بجکر 15 منٹ (پاکستانی وقت 10 بجکر 15 منٹ ) پر پی آئی اے کی فلائٹ (پی کے 758) کے ذریعے کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان لایا جائے گا۔

اس سلسلے میں شریف خاندان نے نجی ہسپتال سے کلثوم نواز کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور جسد خاکی کو’برطانیہ سے باہر‘ لے جانے کے لیے کورونر کی عدالت سے سرٹیفکیٹ حاصل کرلیا۔

جمعہ کو شام 5 بجے جاتی امرا سے ملحق شریف میڈیکل سٹی میں کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کلثوم نواز کی تدفین جاتی امرا میں ان کے سسر میاں شریف اور دیور عباس شریف کی قبروں کے قریب کی جائے گی۔

قبل ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کے جسد خاکی کو پاکستان لانے کے لیے ان کے بھائی شہباز شریف اپنے بیٹے حمزہ شہباز کے ہمراہ گزشتہ شب لندن پہنچے تھے۔

شہباز شریف کے لندن پہنچنے کے موقع پر کافی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور حسین نواز اپنے چاچا سے گلے لگ کے بے ساختہ روئے۔

دوسری جانب غم زدہ شریف خاندان سے اظہار تعزیت کے لیے رہنماؤں اور کارکنوں کی جاتی امرا آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیرِاعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز 11 ستمبر کو طویل علالت کے بعد 68 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئی تھیں۔

نواز شریف کی اہلیہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور لندن کے ایک نجی ہسپتال ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیرِعلاج تھیں۔

کلثوم نواز کے انتقال کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب نے اڈیالہ جیل میں قید کاٹنے والے نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کی پیرول دی گئی تھی، تاہم بعد ازاں پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد رہائی کی مدت میں 3 روز کی توسیع کردی گئی تھی۔

ساتھ ہی کلثوم نواز کے انتقال پر مسلم لیگ(ن) کی جانب سے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا اور جماعت کی تمام سرگرمیاں معطل کردی گئی تھی جبکہ ضمنی انتخابات کی مہم کو بھی روک دیا گیا تھا۔