خبرنامہ پاکستان

سال 2015ء میں لائن لاسز میں 5.8 فیصد کی کمی،وزیراعظم محمد نواز شریف

اسلام آباد ۔(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک بھر میں بجلی کے جاری مختلف منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان منصوبوں پر پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے، قومی گرڈ میں اضافی بجلی شامل ہونے سے نہ صرف لوڈ شیڈنگ میں کمی آئے گی بلکہ اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی گرڈ میں بجلی کے نمایاں اضافے سے لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں اضافے سے زیادہ صنعتی سرگرمی کے ذریعے معاشی نمو میں بھی مدد ملے گی۔ وفاقی سیکریٹری پانی و بجلی نے اجلاس کو بتایا کہ سال 2015ء تکنیکی طور پر کم ترین لائن لاسز اور ریکوری کی بدولت گزشتہ 10 برسوں کے دوران بجلی کی پیداوار کے لئے نہایت مستحکم اور بہترین سال رہا۔ مذکورہ سال کے دوران بہتر نگرانی اور بدعنوانی و ضیاع کی روک تھام کی سخت حکمت عملی کی وجہ سے لائن لاسز میں 5.8 فیصد کی کمی ہوئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ وصولیوں میں 51 ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ لائن لاسز میں کمی کے باعث 10 ارب روپے کی بچت ہوئی۔ سیکریٹری پانی و بجلی نے کہا کہ بہتر پیداواری لاگت اور نگرانی کی وجہ سے 57 ارب روپے بچائے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں ایندھن کے ذخائر شاندار حالات میں ہیں۔ بہتر استعداد کار اور انتظام کے نتیجے میں گزشتہ برس بجلی کی بلند ترین پیداوار 17 ہزار میگاواٹ رہی۔ انہوں نے کہا کہ 2015ء واحد سال تھا جس میں نئی آئی پی پیز کو سہولت دینے کا آغاز ہوا جو 12 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کریں گی۔ وزیراعظم کو 2016ء کے آخر تک مکمل ہونے والے اور 2017ء کے آخر میں فعال ہونے والے بجلی کے مختلف منصوبہ جات کے نظام الاوقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو 2017ء کے موسم سرما تک نیشنل گرڈ میں 9090 میگاواٹ اضافی بجلی کی دستیابی کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف، وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور سینئر حکام نے شرکت کی۔