خبرنامہ پاکستان

سعد علی موقع ملنے پر یونس خان کا خلا پُر کرنے کیلیے پُرعزم

سعد علی موقع ملنے پر یونس خان کا خلا پُر کرنے کیلیے پُرعزم
راولپنڈی:(ملت آن لائن) قائد اعظم ٹرافی کے ٹاپ اسکورر سعد علی قومی ٹیم میں یونس خان کا خلا پُر کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔ سعد علی نے کہا کہ 14 سال کی عمر میں اوپنر کی حیثیت سے پروفیشنل کرکٹ کھیلناشروع کی،کوچ اعظم خان نے مڈل آرڈر بیٹسمین بننے کا مشورہ دیا، اوپنر کی حیثیت سے نئی بال کو کھیلنا ایک اچھا تجربہ تھا تاہم مڈل آرڈر بیٹسمین بننے کیلیے مجھے اپنے کھیل کو بہت تبدیل کرنا پڑا، کوچ کے میری صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد سے مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ ملا، 2012 میں قومی انڈر 19 ٹیم کی جانب سے ورلڈ کپ کیلیے بلایا گیا جو میری فیملی،کلب اور بذات خود میرے لیے ایک قابل فخر لمحہ تھا، اس کے بعد میں نے مزید محنت شروع کر دی۔
سعد علی بتایا کہ جونیئر ٹیم میں اچھی کارکردگی پر کینیا کے خلاف ہوم سیریز کیلیے پاکستان اے میں شامل کیا گیا، وہاں میری کارکردگی خاطر خواہ نہ رہی تاہم 2016 میں زمبابوے کے خلاف اوے سیریز میں بیسٹ پرفارمر کا اعزاز ملا، میری اس کارکردگی کے پیچھے کوچ اعجاز احمد کی محنت کارفرما تھی۔ سعد نے 2015 میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز کیا، گزشتہ سال قائد اعظم ٹرافی میں لاہور وائٹس کے خلاف ڈیبیو میچ میں انھوں نے ففٹی اسکور کی۔