خبرنامہ پاکستان

سعودی وزیر دفاع کی اسلام آباد آمد‘ آج وزیراعظم اورآرمی چیف سے ملاقات

اسلام آباد (آئی این پی)سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو سعودی وزیر دفاع محمدشہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود پاکستان کے ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تو ائیرپورٹ پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنے سعودی ہم منصب کا پرتباک استقبال کیا اس موقع پر سعودی سفیر اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے ۔ائیرپورٹ پر بچوں نے سعودی وزیر دفاع کو گلدستہ بھی پیش کیا۔سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نوازشریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ دفاعی امور سے متعلق شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی مہمان سعودی وزیر سے ملاقات کریں گے،جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور باہمی تعلقات اور دفاعی شعبے میں تعاون اورفروغ پر بات چیت ہوگی۔خیال کیا جاتا ہے کہ سعودی وزیر دفاع اپنی ملاقاتوں میں مشرق و سطی کی صورتحال اور بالخصوص یمن اور شام سمیت بعض ممالک میں تازہ ترین ہونے والے حالات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور انسداد دہشت گردی سے متعلق تعاون پر بھی غور وخوض ہوگا۔