خبرنامہ پاکستان

ظفر حجازی نے سلطانی گواہ بننے کے سوال پر لاحول پڑھ لیا

اسلام آباد(ملت آن لائن)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے معطل چیرمین ظفر حجازی نے سلطانی گواہ بننے کے سوال پر لاحول پڑھ لیا۔

ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں معطل چیرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کو اسلام آباد کی سول عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے بعد عدالت سے واپسی پر میڈیا نمائندوں نے ظفر حجازی سے سوالات کیے۔

صحافی نے ظفر حجازی سے پوچھا کہ انہیں کس چیز کی سزا مل رہی ہے۔ ظفر حجازی نے جواب میں کہا کہ ابھی تک تو انہیں کچھ سمجھ ہی نہیں آ رہا، صحافی نے پوچھا کہ کیا آپ اس کیس میں سلطانی گواہ بنیں گے؟، جس پر ظفر حجازی نے کہا کہ لاحول ولا قوۃ۔

واضح رہے کہ پاناما لیکس کیس کے سلسلے میں شریف خاندان کے مالی معاملات کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے الزام عائد کیا تھا کہ ظفر حجازی چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ردو بدل کرنے میں ملوث تھے۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق چیرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق چیرمین سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان ظفر حجازی کو 4 روز کا ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

اس موقع پر جج نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ پہلے یہ بتائیں کہ 4 دن کے جسمانی ریمانڈ کے دوران کیا پوچھ گچھ کی؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ پہلے تو یہ اسپتال میں تھے۔