خبرنامہ پاکستان

سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کے حوالے سے دائر مقدمہ میں ایک متفرق درخواست دائر

اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (ملت + اے پی پی) سپریم کورٹ میں پانامہ لیکس کے معاملے کی تحقیقات کے حوالے سے دائر مقدمہ میں ایک متفرق درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسلام آباد بند کرنے ،دھرنا اور مارچ کو روکنے کی استدعاکی گئی ہے۔ بدھ کوایڈووکیٹ طارق اسد کی جانب سے دائرکی گئی ہے جس میں وفاق اور وزات داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے ،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کا مطالبہ تھا کہ پانامہ لیکس پر وزیر اعظم ودیگر کے خلاف تحقیقات کی جائیں، یہ کیس اب سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے جس کی سماعت 20اکتوبر کو ہو رہی ہے ۔جب تک کیس کا فیصلہ نہیں ہوجاتا ان کاکوئی بھی اقدام ملک، جمہوریت ، امن و امان کے خلاف ہوگا ۔ درخواست میں کہاگیاہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ کو ماضی کے منفی پراپگنڈے، دھرنوں اور مارچوں سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ،عمران خان انتشار، بدنظمی، توڑ پھوڑ کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں اس لئے سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ کیس کا فیصلہ ہونے تک تحریک انصاف کو 2نومبر کے مجوزہ دھرنے اور اسلام آباد کو بند کرنے کے اقدام سے روکا جائے اور اس حوالے سے عدالتی حکم جاری کیا جائے۔