خبرنامہ پاکستان

سی پیک کو دنیا دیکھ رہی ہے: خالد مسعود

بیجنگ (ملت + آئی این پی) چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالدنے کہا ہے کہ سی پیک ایک عظیم منصوبہ ہے جسے دنیا دیکھ رہی ہے ،چین پاک اقتصادی راہداری سے پاکستان کے چاروں صوبے مستفید ہوں گے، وزیراعظم نواز شریف سی پیک کے تمام منصوبوں میں زاتی دلچسپی لے رہے ہیں، توانائی کے منصوبوں کے آ غاز سے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ میں متواتر کمی آ رہی ہے،گوادر بندرگاہ کی اہمیت کو عالمی سطح پر محسوس کیا جا رہا ہے، اس کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک طویل المعیاد اور جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، تین سو کینٹینرز پر مشتمل قافلے نے چین سے پاکستان تک کا سفر کامیابی سے طے کیا ، بلوچستان کے لیے سی پیک کی صورت میں ترقی کا ایک نیا باب کھلا ہے۔چائنا ریڈیو انٹر نیشنل کو انٹرویودیتے ہوئے مسعود خالدنے کہا کہ گوادر بندرگاہ کے فعال ہونے کے بعد عالمی سطح پر اس کی اہمیت کو محسوس کیا گیا ہے۔ساتھ ساتھ چین اور پاکستان کے کاروباری اداروں کو بھی ایک مثبت پیغام ملا ہے کہ وہ اب تجارتی معاشی سر گرمیوں کو فروغ دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین سو کینٹینرز پر مشتمل قافلے نے چین سے پاکستان تک کا سفر کامیابی سے طے کیا اور اب یہ تجارتی قافلے بیرونی ممالک کی جانب رواں دواں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب معاشی سر گرمیوں کا یہ سلسلہ رواں رہے گا۔مسعود خالد نے کہا وزیراعظم نواز شریف سی پیک کے تمام منصوبوں میں زاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں اور وزارتوں کی جانب سے مستقل بنیادوں پر جائزہ رپورٹیں پیش کی جاتی ہیں۔ حال ہی میں وزیراعظمنواز شریف کی زیر صدارت ایک اعلی سطح کے اجلاس کے دوران سی پیک کے تحت توانائی ، بنیادی ڈھانچے اور صنعتی پارکس کے قیام کے حوالے سے پیش رفت کاجائزہ لیا گیا اور متعلقہ محکموں کو وزیراعظم کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی۔ سفیر مسعود خالد کا مزید کہنا تھا کہ چین پاک اقتصادی راہداری سے پاکستان کے چاروں صوبے مستفید ہوں گے ، بلوچستان کے لیے سی پیک کی صورت میں ترقی کا ایک نیا باب کھلا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گوادر کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک طویل المعیاد اور جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے۔سی پیک کے تحت بلوچستان میں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور یہ بات خوش آ ئند ہے کہ چین کے کاروباری ادارے سماجی فلاح کے حوالے سے اپنی زمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں میں تعلیم ،صحت اور دیگر فلاحی شعبوں کے حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا سی پیک ایک عظیم منصوبہ ہے جسے دنیا دیکھ رہی ہے کیونکہ اس کے بنیادی مقاصد میں علاقائی و عالمی سطح پر روابط اور معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے سی پیک کے تحت توانائی کے سولہ منصوبوں کی نشاندہی کی ہے اور تین منصوبوں پورٹ قاسم ، ساہیوال اور چولستان میں توانا ئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔پاکستان کے سفیر کا مزید کہنا تھا کہ توانائی کا شعبہ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ مناسب اقدامات اور توانائی کے منصوبوں کے آ غاز سے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ میں متواتر کمی آ رہی ہے۔