خبرنامہ پاکستان

شراب فروخت: فیصلہ کالعدم قرار

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) سپریم کورٹ نے سندھ میں شراب کی فروخت پر پابندی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قراردیدیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے صوبے بھر میں شراب کی منظور شدہ دکانیں بند کرنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ چار دکانوں کے خلاف درخواست آئی اور سندھ ہائی کورٹ نے سب دکانیں بند کردیں جب کہ 1985 سے ان دکانوں کے خلاف آج تک کوئی شکایت نہیں آئی۔ سپریم کورٹ نے فریقین کا موقف سننے کے بعد سندھ میں شراب کی فروخت پر پابندی کے فیصلے کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تمام فریقین کو سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔ جسٹس ثاقب نثار نے قرار دیا کہ عبوری آرڈر میں حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔ اس سے یہ تاثر نہ لیا جائے کہ سپریم کورٹ نے شراب فروشی کی اجازت دے دی۔ شراب کی فروخت کے جائز اور نا جائز ہونے کا فیصلہ نہیں کررہے۔جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے تمام فریقین کو سن کر فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی اپنے فیصلے میں بہت سے نکات کو مدنظر رکھا لہذا قانونی نقطے پر کیس دوبارہ سندھ ہائیکورٹ کو بھجوا رہے ہیں، ہو سکے تو سندھ ہائیکورٹ روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کرے۔