خبرنامہ پاکستان

شریف فیملی کیخلاف ثبوتوں کی تلاش، نیب کی خصوصی ٹیم لندن پہنچ گئی

شریف فیملی کیخلاف ثبوتوں کی تلاش، نیب کی خصوصی ٹیم لندن پہنچ گئی

شریف فیملی کے خلاف ریفرنس کی تحقیقات کرنے کیلئے نیب کی خصوصی ٹیم لندن پہنچ گئی، ٹیم مختلف سرکاری اور نجی اداروں سے ثبوت حاصل کرے گی۔

لاہور: نیب کی خصوصی ٹیم پی آئی اے کی پرواز سے لندن پہنچ گئی۔ نیب کی ٹیم شریف فیملی کے خلاف شواہد اکٹھے کرنے کیلئے لندن میں گورنمنٹ اور پرائیویٹ اداروں کے علاوہ مختلف افراد سے ملاقات کرے گی۔ ٹیم لندن بھیجنے سے پہلے نیب نے برطانوی حکام کو خط لکھ کر تحقیقات میں تعاون کی اپیل بھی کی تھی۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے شریف فیملی کے خلاف زیرسماعت کرپشن کیسز میں نواز شریف کے دونوں بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ اس سے پہلے نیب نے لندن سے پاکستان پہنچنے پر نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے بعد ضمانت پر چھوڑ دیا تھا۔
………….

ایون فیلڈ ریفرنس: نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد

ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا، نواز شریف پر انکے نمائندے ظافر خان کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی۔

اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، صاحبزادی مریم نواز اور انکے داماد کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ نواز شریف پر انکے نمائندے ظافر خان کے ذریعے فرد جرم عائد کی گئی۔ قبل ازیں مریم نواز اور ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ گواہوں کی فہرست کی کاپی نہیں ملی اور نہ ہی نیب نے والیم 10 کی کاپی دی، لہذا فرد جرم عائد نہ کی جائے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیئے کہ ملزموں کی استدعا مسترد کی جائے، گواہوں کی فہرست دے چکے ہیں، ریفرنس کی کاپی ملزموں کو دیئے 10 روز گزر چکے ہیں۔ جس پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیل خارج کر دی۔ یہ بھی پڑھیں: سزا پہلے سنا دی گئی، ٹرائل اب ہو رہا ہے: مریم نواز واضح رہے مریم نواز ائر پورٹ سے براہ راست جوڈیشیل کمپلیکس پہنچیں جبکہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر پنجاب ہاؤس سے روانہ ہوئے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، شاہنواز رانجھا اور دیگر لیگی رہنما بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سابق مشیر برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی آج احتساب عدالت پہنچے۔ گزشتہ پیشی کے موقع پر ناخوشگوار واقعے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ (ن) لیگ کی خواتین کارکنان کو جوڈیشل کمپلیکس جانے سے روک دیا گیا، آج صرف ان لوگوں کو عدالت میں داخلے کی اجازت ملی جن کے نام فہرست میں درج تھے۔