خبرنامہ پاکستان

شہباز پارٹی قیادت سنبھال لیں: وزیر بین الصوبائی رابطہ

شہباز پارٹی قیادت سنبھال لیں: وزیر بین الصوبائی رابطہ

نون لیگ میں مائنس نواز شریف کی گونج، علم بغاوت بلند، شہباز شریف سامنے آئیں، ٹیک اوور کرکے پارٹی بچائیں، صحیح کو صحیح کہنا پڑے گا، ریاض پیرزادہ پھٹ پڑے، وفاقی وزیر کو دہشت گردوں سے تعلق کے الزام پر پارلیمنٹ کی فکر لاحق۔

اسلام آباد: وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ شہر اقتدار میں میٹ دا پریس سے خطاب کرتے ہوئے اپنی ہی جماعت کی قیادت کیخلاف پھٹ پڑے، کہتے ہیں ہمیشہ قول اور اقرار کا پابند رہا ہوں، سیاست میں میرے خیالات شاید میرے لیڈران سے نہ ملتے ہوں مگر سیدھی بات اسلئے کر جاتا ہوں کہ حکومتوں کی زیادتیاں دیکھی ہیں، معاشرے میں کرپشن ہے انصاف نہیں، ہم قومی اسمبلیوں تک بھی پہنچ جائیں تب بھی دہشتگرد ہیں، اس پارلیمنٹ میں 37 دہشتگرد بیٹھے ہونے کی فہرست اداروں نے دی ہے، پارلیمنٹیرینز دہشتگرد قرار دیئے گئے ہیں تو کیا امریکہ غلط کہتا ہے؟ ہمارے ادارے آخر کیا کر رہے ہیں۔ ریاض حسین پیرزادہ نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کا کام سیاست پر لگے داغ کو دھونا ہے، اس ملک کو ٹیکنوکریٹ حکومت کی ضرورت نہیں، اس قوم کو مخلص لوگوں کی ضرورت ہے، کوشش کی ہے کہ دنیاداری کے داغ بھی میری سیاست پر نہ لگیں، ہمارے ملک میں اداروں کی تربیت ایسی ہے کہ عام لوگوں کو اداروں میں داخلے کی اجازت نہیں ہوتی، قومی اسمبلی میں پہنچ کر بھی ہمیں دہشتگرد کہا جا رہا ہے، مجھے اس بات کا بہت افسوس ہے، اگر امریکہ قومی اسمبلی پر ڈرون حملہ کر دے تو ہم کیا کہیں گے؟ ایم این ایز کی لسٹ تو ان کی اپنی ہے، کسی خبر کی تردید نہیں کر سکتا، ملک میں بے انصافی بڑھ گئی ہے، ملک میں حکومتیں کرپشن کے الزاموں پر الٹی ہیں، اگر ہم خود احتسابی کر رہے ہوتے تو لوگوں میں اضطرابی کیفیت نہ ہوتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس ملک کو انصاف دیا جائے، ملک کے ادارے عوام کو انصاف فراہم کریں۔ ریاض پیرزادہ بولے، ججز کے سامنے خلفاً پیش ہوتے رہے ہیں، ادارے ہوتے ہیں اور عوام کے لئے بنتے ہیں، کیئر ٹیکر سیٹ اپ بن جائے تو کیا ملک میں خزانے آ جائیں گے؟ کسی ادارے کو آئین کے خلاف اقدام کرنے کی ضرورت نہیں ہے، ایم این ایز کی فہرست والے معاملے میں نشاندہی کرنے پر میں نے ارشد شریف کا شکریہ ادا کیا، ان لوگوں کا کیا قصور ہے جو نشاندہی کر رہے ہیں، الٹا انہیں کے خلاف تحریک استحقاق دینے کا کہا جا رہا ہے، 2 گاؤں کی بجلی، سڑک اور ہسپتال کیلئے لیڈر کے پیچھے ہاتھ پھیلا کر پھرتے رہتے ہیں۔ ریاض پیرزادہ نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ مجھے انصاف دے تو میں اس کے ساتھ ہوں، اگر عدالت انصاف دے تو اس کا شکریہ ادا کریں گے۔