خبرنامہ پاکستان

شہید ہونے والی خاتون اور تین نوجوانوں کو خراج عقیدت؛حریت فورم

شہید ہونے والی خاتون اور تین نوجوانوں کو خراج عقیدت؛حریت فورم
سرینگر:(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم نے ہندواڑہ کے علاقے یونسو میں بھاتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والی خاتون مصرہ بیگم اور تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ تحریک آزادی کے دوران نو جوانوں ، بزرگوں ، معصوم بچوں اور پردہ نشین خواتین نے کشمیر کے چپے چپے پر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانامزاحمتی قیادت اور حریت پسند عوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز ان کوحاصل بے پناہ اختیارات کا بڑی بے دردی کے ساتھ استعمال کرکے نہتے شہریوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنارہی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ بنیادی طورپر ایک انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے اور جب تک اس مسئلے کو فوجی طاقت کے بجائے سیاسی طور پر امن ذرائع سے حل نہیں کیا جاتا،اس وقت تک خطے میں بدامنی ، قتل و غارت اور بے چینی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ترجمان نے حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کو مسلسل نظر بند رکھنے اوران کی پر امن سیاسی ، سماجی اور مذہبی سرگرمیوں پر پابندی لگانے کی شدید مذمت کی ۔انہوں نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور حریت کارکنان فاروق احمد سوداگر، شبیر احمد، مشتاق احمد اجمل، ظہور احمد بٹ، بشیر کشمیری، غلام محمد ڈار اور دیگرکو گرفتار کرکے سینٹرل جیل سرینگر میں نظربند کرنے کی بھی مذمت کی۔