خبرنامہ پاکستان

عبدالستارایدھی کونوبل انعام دیاجائے: خورشید

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے ناروے کی نوبل کمیٹی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ عبدالستار ایدھی کو نوبل انعام دیا جائے،عبدالستار ایدھی نے ساری زندگی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کی،عبدالستار ایدھی نے رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کی ہے،ایدھی کو نوبل انعام کیلئے نامزد کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے ناروے کی نوبل کمیٹی کو خط لکھ دیا،خط میں کہا گیا ہے کہ عبدالستار ایدھی کو نوبل انعام دیا جائے،عبدالستار ایدھی نے ساری زندگی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کی،عبدالستار ایدھی نے رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عبدالستارایدھی دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویلفیئر تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی ہیں،ایدھی فاؤنڈیشن روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل کیئر،شلٹرہومز،یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت،ان کی تعلیم، منشیات کے عادی افراد کی بحالی سمیت مختلف شعبوں میں لاکھوں افراد کو سروس فراہم کر رہی ہے،ایدھی فاؤنڈیشن نہ صرف پاکستان بلکہ امریکہ،برطانیہ،کینیڈا،جاپان،افریقہ،جنوبی ایشیاء اور مڈل ایسٹ سمیت دنیا کے 300ممالک میں خدمات سرانجام دے رہی ہے،فاؤنڈیشن کو 1997کو سب سے زیادہ فلاحی ایمبولینسز کاریکارڈ بھی حاصل ہوا،عبدالستار ایدھی کو جنوبی ایشیاء سمیت دنیا بھر میں ہمیشہ اچھے الفاظ میں یاد کیا جائیگا،پاکستان کی عوام عبدالستار ایدھی سے بہت محبت کرتی ہے،عبدالستار ایدھی کی انسانیت کیلئے خدمات پر انہیں نوبل انعام کیلئے نامزد کیا جائے۔(خ م)