خبرنامہ پاکستان

فرنچائزز اور بورڈ میں اختلافات، پی ایس ایل تھری کا انعقاد خطرے میں پڑگیا

فرنچائزز اور بورڈ میں اختلافات، پی ایس ایل تھری کا انعقاد خطرے میں پڑگیا

لاہور:(ملت آن لائن) فرنچائزز اور بورڈ میں اختلافات کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کا انعقاد خطرے میں پڑگیا۔ فرنچائزز اور بورڈ میں اختلافات نے پی ایس ایل تھری کا انعقاد خطرے میں ڈال دیا اور ٹیموں کی جانب سے واجبات ادا نہ کئے جانے پر بورڈ مالی مشکلات سے پریشان ہے۔ ذرائع کے مطابق 6 میں سے 5 فرنچائزز گزشتہ سال نومبر کی ڈیڈ لائن تک واجبات ادا نہیں کر سکی تھیں۔ یو اے ای اور پاکستان میں 22 فروری سے 25 مارچ تک شیڈول تیسرے ایڈیشن کیلیے بورڈ کو درکار رقم میں 50 سے 60 لاکھ امریکی ڈالر کم پڑ جانے کا خدشہ ستاتا رہا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی حکام سر جوڑ کر کوئی حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، فرنچائزز کے عدم تعاون کی وجہ سے بظاہر بڑی کامیاب نظر آنے والی پی ایس ایل میں دراڑیں صاف نظر آنے لگی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اگر فرنچائزز کا واجبات کے معاملے میں یہی رویہ جاری رہا تو بورڈ قانونی چارہ جوئی کے ساتھ ٹیموں کے دوبارہ فروخت پر بھی غور کر سکتا ہے۔ دوسری جانب فرنچائزز کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے زرتلافی کا مطالبہ کیا تھا جس پر دباﺅ ڈالنا شروع کردیا، ٹی 10کو سپورٹ کرنے پر بھی پی ایس ایل ٹیموں کے مالکان ناراض ہیں،بورڈ خود اس تنازع کو میڈیا میں لے آیا،پی سی بی کے رویہ کی وجہ سے مالی معاملات خراب ہیں۔