خبرنامہ پاکستان

فضائی آلودگی ایشیاء میں بہت بڑمسئلہ ہے: مشاہد اﷲ خان

فضائی آلودگی

فضائی آلودگی ایشیاء میں بہت بڑمسئلہ ہے: مشاہد اﷲ خان

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مشاہد اﷲ خان نے کہا ہے کہ ایشیاء میں فضائی آلودگی ایشیاء میں ماحولیاتی انحطاط کی ایک بڑی وجہ کے طور پر سامنے آئی ہے جس کے نتیجے میں یہاں زندگی گذارنے کے معیارات پر اثر پڑا ہے۔ جمعرات کو وزارت موسمیاتی تبدیلی سے جاری ایک بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت موسم سرما میں سموگ جیسے مسائل کا سامنا ہے جبکہ گاڑیوں و صنعت کے دھوئیں، فضلہ جات کو جلانے، اینٹوں کے بھٹوں اور گرد جیسی وجوہات سے ماحول پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ بیان میں عالمی بینک کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شہری فضائی آلودگی کی وجہ سے کمسن بچوں میں تقریباً 22 ہزار قبل از وقت اموات ہوتی ہیں۔ تقریباً 54 ہزار ٹن سالڈ ویسٹ یومیہ بنتا ہے جس میں سے زیادہ تر نشیبی علاقوں میں پھینک دیا جاتا ہے یا جلا دیا جاتا ہے۔ سالڈ ویسٹ کی مناسب تلفی نہ ہونے کی وجہ سے مضر صحت اثرات پیدا ہوتے ہیں۔ مشاہد اﷲ خان نے کہا کہ پاکستان نے اس حوالے سے کچھ سنجیدہ اقدامات کئے ہیں جن میں ماحول دوست پالیسیاں اور ملک کے بڑے شہروں میں ماس ٹرانزٹ سسٹم متعارف کرانے شامل ہیں۔ وفاقی وزیر تھائی لینڈ میں منعقدہ ایشیاء پیسیفک کلین ایئر پارٹنر شپ جوائنٹ فورم 2018ء میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔