خبرنامہ پاکستان

قائداعظم یونیورسٹی میں کشیدگی: احتجاج کرنے والے 70 طلبا گرفتار

قائداعظم یونیورسٹی میں کشیدگی: احتجاج کرنے والے 70 طلبا گرفتار

اسلام آباد(ملت آن لائن)قائد اعظم یونیورسٹی میں تدریسی عمل میں خلل ڈالنے اور احتجاج کرنے والے 70 طلبا کو گرفتار کرلیا گیا۔

قائد اعظم یونیورسٹی میں آج 16 روز بعد تدریسی عمل کا آغاز ہونا تھا لیکن بعض احتجاجی طلبا کے گروپوں نے جامعہ میں ہلڑ بازی کی اور احتجاج شروع کردیا جب کہ مشتعل طلبا کلاسوں میں گھس گئے اور اساتذہ کو ڈرا دھمکا کر کلاسز ختم کرانے کی کوشش شروع کردی۔

یونیورسٹی میں صورتحال خراب ہونے پر وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے پولیس کو طلب کیا جس کے بعد پولیس، ایف سی اور لیڈیز پولیس بھی یونیورسٹی پہنچ گئی۔

پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی اور اس دوران پولیس اور طلبا کے درمیان معمولی تصادم بھی ہواجس کے بعد پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 70 کے قریب طلبا کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ احتجاج کرنے والے طلبا کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے اور اب یونیورسٹی میں صورتحال قابو میں ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں قائداعظم یونیورسٹی میں طلبا نے بہتر سہولیات، ہاسٹل اور فیسوں میں اضافہ واپس لینے کے لیے احتجاج شروع کیا تھا جس پر یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبا کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے جو ناکام ہوگئے۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے اس معاملے پر تین رکنی کمیٹی بھی بنائی تھی لیکن وہ بھی معاملہ حل نہ کرسکی جس کےبعد طلبا کے احتجاج کےباعث یونیورسٹی تین ہفتے تک بند رہی۔